بنگلورو26؍مارچ(ایس او نیوز) بنگلور نارتھ پارلیمانی حلقے سے کانگریس امیدوار کے طور پر ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات کرشنابائرے گوڈا نے آج اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کردیا۔ بتایاجاتاہے کہ اس حلقے سے مرکزی وزیر ڈی وی سدانند گوڈا کو ہر حال میں شکست سے ہمکنار کرنے کے ارادے سے خود وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے اس حلقے میں کافی مقبول کانگریس لیڈر کرشنا بائرے گوڈا کومیدان میں اتارنے کا مشورہ کانگریس قیادت کو دیاتھا، جسے منظور کرتے ہوئے کل ہی طے ہوا تھا کہ بنگلور نارتھ پارلیمانی حلقے سے کرشنا بائرے گوڈا میدان میں اتارے جائیں گے۔ بنگلور نارتھ پارلیمانی حلقے میں آنے والے آٹھ اسمبلی حلقوں میں سے سات پر کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کا قبضہ ہے۔ بجز ملیشورم جہاں سے بی جے پی رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ باقی سات حلقے جن میں کرشنا راج پورم ، بیاٹرائن پورہ، پلکیشی نگر ، ہبال ، یشونت پور، داسر ہلی اور مہالکشمی لے آؤٹ شامل ہیں۔ان حلقوں میں پانچ حلقوں پر کانگریس اراکین منتخب ہوئے ہیں اور دو پر جے ڈی ایس، کرشنا راج پورم ، بیاٹرائن پورہ، پلکیشی نگر ، ہبال اور یشونت پور سے علی الترتیب کانگریس اراکین اسمبلی بائرتی بسوراج، کرشنا بائرے گوڈا، اکھنڈا سرینواس مورتی، بائرتی سریش، ایس ٹی سوم شیکھرمنتخب ہوئے ہیں۔ان حلقوں میں کانگریس کی مضبوط پکڑ کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نے طے کیا ہے کہ کرشنا بائرے گوڈا کو اس حلقے سے میدان میں اتار کر یہ حلقہ بھی اتحاد کی جھولی میں ڈال لیا جائے۔ اس کے علاوہ آبادی کے اعتبار سے وکلیگا فرقہ کافی تعداد میں اس حلقے میں بسا ہوا اور چونکہ کرشنا بائرے گوڈا کا شمار مقامی وکلیگاؤں میں ہوتاہے اس کا فائدہ بھی کانگریس کو بھرپور طور پر ملے گا۔ ساتھ ہی بنگلور نارتھ پارلیمانی حلقے میں پلکیشی نگر، ہبال، اور بیاٹرائن پورہ تین ایسے حلقے ہیں جہاں اقلیتوں کی آبادی بھی کافی زیادہ ہے۔ اس کا فائدہ کانگریس امیدوار کو یقینی طور پر ملے گا۔